کراچی(6 اگست 2024): پاکستان ہندو< کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے سرسبز ہرابھرا پاکستان وژن کے تحت شہر قائد کراچی سے قومی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، جشن آزادی کی مناسبت سے پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کی مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرحمتی تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کے سیکریٹری جنرل پرشوتم رامانی، چیف کوآرڈینیٹر کرشن ساگر، کرش وانکوانی سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے اسٹوڈنٹس، سول سوسائٹی اور میڈیا نمایندگان بھی موجود تھے۔ پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ درخت خدا کی انمول نعمت ہیں جو ہمارے ماحول کو آلودگی سے پاک رکھتے ہیں، شجرکاری مہم کو مذہبی فریضہ سمجھتے ہوئے کامیاب بنانا ہر پاکستانی شہری کی ذمہ داری ہے، باقی دنیا کی طرح پاکستان بھی موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے شدید متاثرہ ملک ہے، درختوں کی غیر ضروری کٹائی کی بناء پر کراچی اور دیگر شہروں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار کا شجرکاری مہم پر اپنے تبصرے میں مزید کہنا تھا کہ وہ سندھ کے پسماندہ ترین ضلع تھر پارکر میں پریم نگر کی صورت میں ہرا بھرا درختوں سے بھرپور رول ماڈل خطہ اراضی قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان ہندو کونسل کی اپیل پر اگلے مرحلے میں ملک بھر میں ہندو اقلیتی شہری اپنے اپنے علاقوں میں شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے