وزیراعظم نواز شریف فوری طور پر سعودی عرب میں پاک فوج بھیجیں ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی

351

کمار ونکوانی

اسلام آباد /کراچی (6اپریل2015ء): پاکستان ہندوکونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے حالیہ مشرق وسطیٰ بحران کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ پاک سعودی قریبی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر افواجِ پاکستان کو سعودی سرزمین پر بھیجیں، ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے سوموار کو یمن کے مسئلے پر بلائے گئے مشترکہ پارلیمانی سیشن کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر صحافیوں سے گفتگو میں ملک بھر میں بسنے والے ہندوؤں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ دوست ملک سعودی عرب کی درخواست پر پاک فوج کو سعودی عرب بھیجنا قطعی طور پر کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں سمجھا جاسکتا بلکہ بروقت اقدام دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کا باعث بنے گا ، پاکستان کی حالیہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے انہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بجا طور پر حالیہ مشرق وسطیٰ تنازع کا حل پرامن مذاکرات سمجھتا ہے لیکن یمن میں اقلیتی قبیلے کو بندوق کے بل بوتے پر اکثریت پر مرضی مسلط کرکے ہمسایہ ممالک اورخطے کو عدمِ استحکام کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، یمن میں ہوتی قبیلے کی بغاوت سعودی عرب کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے جسکے منفی نتائج تمام مسلم دنیا کو بھگتنے پڑیں گے، ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھاکہ عرب ممالک میں ایران کے حوالے سے شدید تحفظات پائے جاتے ہیں جسکی بنیادی وجہ ایرانی حکومت کا دمشق، بغداد، صنعاء اور بیروت میں بڑھتا ہوا اثرورسوخ ہے، انہوں نے خودساختہ دولتِ اسلامیہ (داعش) کو عرب خطے کیلئے ایک مہلک ترین خطرہ گردانتے ہوئے کہا کہ یونائٹڈ عرب فورس کا قیام 1967 ؁ء کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد ایک اہم ترین پیش رفت ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی کچھ پالیسیوں کو پاکستانی معاشرے کے کچھ طبقات کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن سعودی عرب کی پاکستان کیلئے قابلِ قدر خدمات اور امداد کسی تعارف کی محتاج نہیں، ڈاکٹر رمیش نے پاک فوج بھیجنے کے کسی بھی منفی ردِعمل کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فوج ایسی کسی بھی ناپسندیدہ صورتحال پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، سعودی سرزمین میں انکی موجودگی شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے میں کارآمد ثابت ہوگی۔

Load More Related Articles
Load More By PHC
Load More In اردو - URDU
Comments are closed.

Check Also

پاکستان افغانستان، امن کا سفر تحریر: ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

دنیا بھر میں ہر سال21ستمبر عالمی یوم امن کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں میں امن …