پاکستان ہندوکونسل کی جانب سے برما کے مظلوم مسلمانوں کو پاکستان میں بسانے کا مطالبہ

535

اسلام آباد/کراچی (9جون 2015ء): پاکستانی ہندوؤں کی نمائندہ تنظیم پاکستان ہندوکونسل نے برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مظلوم برما کے مسلمانوں کو پاکستان میں پناہ دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں، پناہ کی تلاش میں سمندر میں بھٹکنے والے برما کے مسلمانوں کی مدد کیلئے پاک بحریہ کو روانہ کیا جائے، حکومتی فنڈز اور ملک ریاض کی جانب سے دس کروڑ روپے کی امداد سے پاکستان میں ہی برما کے مسلمانوں کیلئے بستی بسائی جائے۔

ہندوکونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے مقامی پریس کلب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے قیام پاکستان کے بنیادی اغراض و مقاصد میں قرار دیا تھا کہ پاک سرزمین برصغیر کے دیگر خطوں میں بسنے والے مسلمان باشندوں کیلئے تحفظ کا باعث بنے گی، برما انگریزدورمیں برصغیر ہی کا حصہ تھا اور آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کی آخری قیام گاہ بھی ہے، بدھوں کے ہاتھوں ستائے ہوئے مسلمانوں کو بدھ مت کی جائے پیدائش پاکستان میں پناہ ملنے سے گوتم بدھ کی آتما کو شانتی ملے گی۔ ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے وزیراعظم میاں نواز شریف کے پہلے دورِ حکومت میں بوسنیا کے مسلمانوں کو پاکستان میں پناہ دینے کے اقدام کو اعلیٰ الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ آج برما کے مظلوم مسلمان بھی اسی طرح حکومتِ پاکستان کی جانب التجائی نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر رمیش نے اپنے حالیہ دورہ سندھ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی، اسلام کوٹ ہسپتالوں کے دورے کے موقع پر مستحق مریضوں کی مالی امداد کی گئی،مٹھی میں گؤشالہ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے سات لاکھ روپے کا چیک فراہم کیا گیا، بدین میں بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہندولڑکے کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا، حیدرآباد پریس کلب میں ایک سیمنارکے شرکاء سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے مذہبی آزادی، امن پسندی، بین المذاہب ہم آہنگی جیسے اقدامات کو شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری گردانتے ہوئے پاکستان کے عالمی سطع پر مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے ناگزیر قرار دیا،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی جیسے نظریات کا توڑ امن پسندی، بھائی چارے، اقلیتوں کی حفاظت اور مظلوموں کی مدد کی بدولت ہی کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان ہندوکونسل کے اراکین کی جانب سے برما کے مسلمانوں کے حق میں بھرپور مظاہرہ بھی کیا گیا۔

Load More Related Articles
Load More By PHC
Load More In اردو - URDU
Comments are closed.

Check Also

Daily Ibrat (March 17, 2019)