نئی نسل کوسرگنگارام جیسی انسان دوست شخصیت کی خدمات سے آگاہ کیا جائے، ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی

134

اسلام آباد/کراچی (12جولائی2015ء): پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے جدید لاہور شہر کے بانی سرگنگارام کی88ویں برسی کے موقع پرنئی نسل کو آنجہانی کی خدمات و افکار سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو انکی خدمات کے بارے میں اسباق تعلیمی نصاب میں شامل اور سمادھی کی حفاظت یقینی بناکر قومی یادگار قرار دینے کی تجویز پیش کی ہے، اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر رمیش ونکوانی کا کہنا تھا کہ انجینئر رائے بہادرسرگنگارام کی انسان دوست شخصیت، عزم و حوصلے کی بدولت جدید لاہور کا قیام عمل میں آیا، لاہور کا چپہ چپہ سرگنگارام کی خدمات کا گواہ ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ آج ہم اپنے محسنوں کو بھلاکر نہ صرف تاریخَ پاکستان سے ماضی کی نامور ہندو شخصیات کی خدمات کو یکسر نظرانداز کررہے ہیں بلکہ انکی آخری قیام گاہ سمادھی کو بھی نفرتوں کا پرچار کرنے والوں کے شر سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔ڈاکٹر رمیش کے بقول سرگنگارام ایک دولتمند شخصیت تھے لیکن انہوں نے بھگوان سے پچاس فیصد کی پارٹنرشپ کرکے دین دھرم سے بالاتر ہوکر خدمتِ انسانیت کیلئے اپنی دولت وقف کردی ، وہ ملک سے غربت، بیماری،تعلیم کے فقدان اور بے روزگاری کے خلاف ساری عمر نبرد آزما رہے، وہ ایک ایسے فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے عمربھر کوشاں رہے جس میں تمام انسانوں کو برابری کی سطع پر یکساں حقوق میسر ہوں، سرگنگارام ہسپتال، جی پی او، لاہور عجائب گھر، ایچیسن کالج،گورنمنٹ کالج لاہور کا کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، میواسپتال کا البرٹ وکٹرونگ،میو سکول آف آرٹس (موجودہ این سی اے) ، ماڈل ٹاؤن اور گلبرگ جیسی اس دور کی جدید عمارات کی نئی کالونیوں کے نقشے آج بھی سرگنگارام کی مہارت اور قابلیت کا اعتراف کرتے ہیں۔ انگریز سرکار کے گورنر پنجاب سر میلکم میلے نے سرگنگارام کی سماجی شخصیت کو ان الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا تھا کہ وہ ایک سورما کی مانند جیتتا ہے اور ایک صوفی کی مانند دان کرتا ہے، سانحہ بابری مسجد کے ردعمل میں 1992 ؁ء میں انسان دوست عظیم شخصیت سرگنگارام کی راوی روڈ پر بڈھے راوی کے کنارے واقع عظیم الشان سمادھی کو شدیدتوڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم کی گیارہ اگست کی تقریر کے تناظر میں تمام اقلیتوں کو انکے جائز حقوق کی فراہمی اور ماضی کی خدمات کا اعتراف یقینی بنایا جائے۔

Load More Related Articles
Load More By PHC
Load More In اردو - URDU

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

Disaster reduction by Dr Ramesh Kumar Vankwani

Every year on October 13, the world observes the International Day for Natural Disaster Re…