پاکستان ہندو کونسل کا کراچی پریس کلب کے باہر پُرامن مظاہرہ

30
 ایک اور ہندو لڑکی لاپتہ، طالبہ پائل دیوی کے مبینہ اغواء میں استاد ملوث ہے، پاکستان ہندو کونسل کا شبہ، معصوم بچیوں کی زندگیاں تباہ کرنے والوں کو کڑی سزا دی جائے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی، گوپال خامانی، پرشوتم و دیگر کی پریس کانفرنس، کراچی پریس کلب کے باہر پُرامن مظاہرہ،ہندو بچیوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ 


کراچی (5جولائی 2019ء): پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ٹھٹھہ شہر کی رہائشی پائل دیوی نامی ہندو طالبہ کے مبینہ اغواء پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے،جمعے کے روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھا کہ معصوم بچیوں کی زندگیاں تباہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے،لاپتہ طالبہ کے مبینہ اغواء میں اسکے استاد کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان ہندوکونسل کے ایڈوائزر راجا اسرمال منگلانی، صدر گوپال داس خامانی، سیکرٹری جنرل پرشوتم رامانی اور دیگر بھی موجو د تھے۔ کراچی پریس کلب کے باہر ہندو مظاہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعدادنے غیرمسلم پاکستانی شہریوں کے حقوق کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پُرامن مظاہرہ کیا،پاکستان ہندوکونسل سے تعلق رکھنے والے  احتجاجی شرکاء کے ہاتھوں میں موجود پلے کارڈز میں ہندو لڑکیوں کے اغواء، جبری مذہب تبدیلی اور ہراساں کرنے کے خلاف نعرے درج تھے۔ڈاکٹر رمیش کمار نے پائل دیوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسوسناک اقدامات نہ صرف پاکستان کی محب وطن اقلیتی کمیونٹی کیلئے احساس عدم تحفظ میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں بلکہ عالمی قوتوں کو بھی وطن عزیز کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کا جواز فراہم کرتے ہیں، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے آئین پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر ملک بھر میں بسنے والے تمام شہریوں کو مذہبی و سماجی آزادی فراہم کرنے کیلئے قانون سازی میں انکا ساتھ دیا جائے،ڈاکٹر رمیش نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان ہندوکونسل  اغواء میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ایک امن پسند معاشرے کا قیام تمام پاکستانی شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ اقلیت اور اکثریت کی بحث سے بالاتر ہوکر قائداعظم کے وژن پر برداشت، رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مل جل کر جدوجہد کی جائے، انہوں نے اپنے پیش کردہ بل کا حوالہ دیتے ہوئے اپیل کی کہ ملک و قوم کی خاطر تمام سیاسی جماعتیں متفقہ طور پر قانون سازی کرنے میں انکی مدد کریں۔کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہندوکونسل کے صدر گوپال داس، سیکرٹری جنرل پرشوتم رامانی نے بھی ہندو بچیوں کے اغواء کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے غم زدہ والدین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پائل دیوی کی بازیابی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس حوالے سے پاکستان ہندوکونسل نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے قابلِ مذمت واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے واضح حکمت عملی کا تعین کیاجائے۔

Load More Related Articles
Load More By PHC
Load More In Press Releases
Comments are closed.

Check Also

Dawn – March 10, 2021